1 اپریل، 2023، 11:52 AM

حضرت خدیجۂ کبری سلام اللہ علیہا، ولادت سے وفات تک

حضرت خدیجۂ کبری سلام اللہ علیہا، ولادت سے وفات تک

اسلامی مآخذ میں حضرت خدیجہ کو طاہرہ، زکیہ، مرضیہ، صدیقہ، سیدہ نساء قریش ، خیرالنساء  اور باعظمت خاتون کے القاب اور ام المؤمنین کی کنیت سے یاد کرتے ہیں۔

خَدیجَہ بنت خُوَیلِد (متوفی سنہ 10 بعثت) خدیجۃ الکبری و ام المومنین کے نام سے مشہور، پیغمبر اکرمؐ کی اولین زوجہ اور حضرت زہراؑ کی مادر گرامی ہیں۔ آپ نے بعثت سے پہلے حضرت محمدؐ کے ساتھ شادی کی۔ آپ آنحضرت پر ایمان لانے والی پہلی خاتون ہیں۔

حضرت خدیجہؑ نے اپنی ساری دولت اسلام کی راہ میں خرچ کی۔ پیغمبر اکرمؐ نے حضرت خدیجہؑ کے احترام میں ان کی زندگی کے دوران دوسری زوجہ اختیار نہیں کی اور آپ کی وفات کے بعد بھی آپ کو اچھے الفاظ میں یاد فرماتے تھے۔

ایک قول کی بنا پر پیغمبر اکرمؐ کے حضرت خدیجہؑ سے دو بیٹے قاسم و عبداللہ، چار بیٹیاں زینب، رقیہ، ام کلثوم اور حضرت فاطمہؑ تھیں۔ اس بنا پر ابراہیم کے علاوہ پیغمبر اسلامؐ کی باقی اولاد حضرت خدیجہؑ سے ہی تھیں۔حضرت خدیجہؑ نے ہجرت سے تین سال پہلے 65 سال کی عمر میں مکہ میں وفات پائی۔ پیغمبر اکرمؐ نے آپ کو قبرستان معلاۃ میں سپرد خاک فرمایا۔

سوانح حیات
حضرت خدیجہؑ، خویلد بن اسد بن عبد العزی بن قصی القرشیہ الاسدیہ اور فاطمہ بنت زائدہ کی بیٹی تھیں۔ آپ بعثت سے تیس یا چالیس سال پہلے مکہ میں پیدا ہوئیں اور اسی شہر میں اپنے والد کے گھر پر پرورش پائی۔

تاریخی مآخذ میں اسلام سے پہلے حضرت خدیجہ کے بارے میں کوئی دقیق معلومات میسر نہیں صرف اتنا ملتا ہے کہ آپ ایک مالدار خاتون تھیں، تجارت کرتی تھیں اور اپنے سرمایہ کو مضاربہ اور تجارت کے لئے لوگوں کو استخدام کرنے میں صرف کرتی تھیں۔

تاریخی مآخذ میں آپ کے مقام و منزلت اور حسب و نسب کے اعتبار سے نیک نامی کی طرف اشارہ ہوا ہے؛ ابن سید الناس اس سلسلے میں کہتے ہیں: "آپ ایک شریف اور با درایت خاتون تھیں جنہیں خدا نے خیر اور کرامت عطا کی۔ نسب کے لحاظ سے عرب کے ایک متوسط گھرانے سے تعلق رکھتی تھیں لیکن عظیم شرافت اور دولت کی مالکہ تھیں۔

بلاذری نے واقدی سے یوں نقل کیا ہے: خدیجہؑ بنت خویلد اعلی حسب و نسب کی مالکہ اور ایک دولت مند تاجر خاتون تھیں۔

پیغمبر اکرمؐ سے شادی

تمام تاریخی مآخذ حضرت خدیجہ کو پیغمبر اکرمؐ کی پہلی زوجہ مانتے ہیں۔ لیکن اس کے باوجود اس ازدواج کی تاریخ دقیق مشخص نہیں ہے۔ حضرت خدیجہ سے شادی کے وقت حضرت محمدؐ کی عمر 21 سے 37 سال کے درمیان ذکر کی گئی ہے۔لیکن جو چیز تمام مورخین کے یہاں قابل اعتماد ہے وہ 25 سال ہے۔چنانچہ مآخذ میں آیا ہے کہ جب حضرت خدیجہؑ حضرت محمدؐ کے نیک سلوک، اچھے گفتار، اعلی اخلاقی اقدار اور امانت داری سے متاثر ہوئیں تو انہوں نے پبغمبر اکرمؐ کو اپنے تجارتی سامان پر امین مقرر کرکے تجارت کے لئے شام روانہ کیا اور اس سفر سے واپسی پر جب میسرہ نامی اپنے غلام کی زبانی پیغمبر اکرمؐ کے منفرد خصوصیات سے آشنا ہوئیں تو انہوں نے حضرت محمدؐ سے شادی کی خواہش ظاہر کی۔بعض مورخین اس بات کے معتقد ہیں کہ حضرت خدیجہ نے پیغمبر اکرمؐ کی صداقت، امانت‌، حسن خلق اور نیک سلوک سے متاثر ہو کر آپ سے شادی کی خواہش ظاہر کی۔ابن اثیر نے بھی کتاب اسد الغابہ میں انہیں عوامل کو بیان کیا ہے۔ اہل سنت کے اکثر تاریخی مآخذ میں پیغمبر اکرمؐ کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے سے پہلے حضرت خدیجہ (س) کے شوہر دار اور بچہ دار ہونے کا ادعا ملتا ہے؛[حوالہ درکار] بلاذری انساب الاشراف میں ابو ہالہ ہند بن نباش کو پیغمبر اکرمؐ سے پہلے حضرت خدیجہ کا شوہر قرار دیتے ہیں۔اسی طرح "عتیق بن عابد بن عبداللہ بن عمر بن مخزوم" کو بھی حضرت خدیجہ (س) کا شوہر قرار دیا گیا ہے۔

ان سب کے باوجود بعض شیعہ علماء اس بات کے معتقد ہیں کہ حضرت خدیجہ (س) نے پیغمبر اکرمؐ کی زوجیت میں آنے سے پہلے کسی سے شادی نہیں کی ہیں۔ ابن شہر آشوب کے مطابق سید مرتضی اپنی کتاب شافی اور شیخ طوسی اپنی کتاب التلخیص میں پیغمبر اکرمؐ کے ساتھ شادی کے موقع پر حضرت خدیجہ کے باکرہ ہونے کی طرف اشارہ کئے ہیں۔ بعض محققین اس بات کے معتقد ہیں کہ سرزمین حجاز میں رائج قومی اور نژادی تعصبات کو مد نظر رکھتے ہوئے اس بات کو قبول نہیں کیا جا سکتا کہ حضرت خدیجہ جو قریش کے بزرگوں میں سے تھیں، کی شادی قبیلہ بنی تمیم اور قبیلہ بنی مخزوم کے دو اعرابی سے انجام پائی ہو اور جن اولاد کی نسبت حضرت خدیجہ کی طرف دی جاتی ہیں حقیقت میں وہ ان کی بہن ہالہ کی تھیں جن کی وفات کے بعد ان کے بچے حضرت خدیجہ کی زیر سرپرستی پلی بڑی ہیں۔

آنحضرت سے شادی کے وقت آپ کی عمر

پیغمبر اکرمؐ کے ساتھ شادی کے وقت حضرت خدیجہؑ کی عمر کے بارے میں اختلاف پایا جاتا ہے اس بنا پر اس وقت آپ کی عمر 25 سے 46 سال تک بتائی گئی ہیں۔ اکثر مورخین نے پیغمبر اکرمؐ کے ساتھ شادی کے وقت آپ کی عمر 40 سال بتائی ہیں۔ لیکن اس سلسلے میں مزید روایات بھی ہیں۔ جبکہ بعض مصادر کے مطابق آپ کی عمر 25 سال تھی اسی طرح 28 سال، 30 سال ، 35 سال، 44 سال، 45 سال اور 46 سال بھی کہا گیا ہے۔

پیغمبر اکرمؐ کے ساتھ شادی کے وقت حضرت خدیجہ کی عمر سے متعلق صحیح معلومات حاصل کرنا دشوار ہے۔ اس کے باوجود اس بات کو مدنظر رکھتے ہوئے کہ پیغمبر اکرمؐ اور خدیجہؑ کی مشترکہ زندگی کل 25 سال پر محیط تھی (15 سال بعثت سے پہلے اور 10 سال بعثت کے بعد) اور تاریخی شواہد کے مطابق وقات کے وقت خدیجہؑ کی عمر 65 سال یا 50 سال تھی، یہ نتیجہ نکالا جا سکتا ہے کہ پیغمبر اکرمؐ کے ساتھ شادی کے وقت آپ کی عمر 25 سے 40 سال کے درمیان تھی۔ پس اگر وفات کے وقت حضرت خدیجہؑ 50 سال کی تھیں تو اس کا مطلب ہے کہ شادی کے وقت آپؑ کی عمر 25 سال تھی، اسی نظریے کو بعض محققین نے بھی ترجیح دی ہےلیکن دوسری طرف سے پیغمبر اکرمؐ اور حضرت خدیجہ کا بیٹا قاسم کی وفات بعثت کے بعد ہوئی جس کا لازمہ یہ نکتا ہے کہ قاسم کی ولادت کے وقت حضرت خدیجہؑ کی عمر کم از کم 55 سال جو مذکورہ نظریے کے ساتھ سازگار نہیں ہے۔

البتہ پیغمبر اکرمؐ کے ساتھ شادی کے وقت حضرت خدیجہ کے کنوارہ ہونے سے متعلق بعض شیعہ علماء کے نظریےسے اس نظریے کو بھی تقویت ملتی ہے کیونکہ قریش جیسے اعلی خاندان سے تعلق رکھنے والی ایسی شان و منزلت والی خاتون کا 40 سال تک بغیر شادی کے رہنا بہت بعید نظر آتا ہے۔ ان دلائل کی بنا پر بعض محققین نے شادی کے وقت خدیجہؑ کی عمر 25 یا 28 سال ذکر کی ہیں۔

پیغمبر اکرمؐ سے آپ کی اولاد
ابراہیم کے علاوہ پیغمبر اکرمؐ کی تمام اولاد حضرت خدیجہ سے تھیں۔مشہور قول کی بنا پر پیغمبرؐ اور خدیجہ کبریؑ کی اولاد کی تعداد 6 ہیں۔دو بیٹے قاسم اور عبداللہ جبکہ چار بیٹیاں؛ زینب، رقیہ، ام کلثوم اور حضرت فاطمہ(س)۔ بعض مصادر میں آپ کے فرزندوں کی تعداد سات یا آٹھ لکھی گئی ہے، مثلا کے طور پر ابن اسحاق، ابن ہشام، اور کلینی کہتے ہیں کہ رسول خداؐ کے حضرت خدیجہ سے تین بیٹے تھے، قاسم بعثت سے پہلے جبکہ طیب اور طاہر بعثت کے بعد متولد ہوئے۔بعض مورخین کا خیال ہے کہ پیغمبر اکرمؐ اور حضرت خدیجہ کی اولاد کی تعداد میں اختلاف ان کے اسماء اور القاب میں اشتباہ کی وجہ سے پیدا ہوا ہے؛ کیونکہ عبداللہ کو بعثت اور ظہور اسلام کے بعد متولد ہونے کی وجہ سے طیب و طاہر کا لقب دیا گیا تھا لیکن بعض نے یہ خیال کیا کہ طیب و طاہر پیغمبر اکرمؐ کے دو اور بیٹوں کے نام ہیں۔

بعض نے کہا ہے کہ پیغمبرؐ اور خدیجہؑ کے فرزندوں کی تعداد میں اختلاف کی وجہ ان کے نام اور لقب کا آپس میں مل جانا ہے۔ اس نظر کے مطابق پیغمبرؐ اور خدیجہؑ کے فرزندوں کی تعداد 6 ہیں دو بیٹے قاسم اور عبداللہ، چار بیٹیاں زینب، رقیہ، ام کلثوم، اور فاطمہؑ۔

اسی طرح بعض مورخین کے مطابق حضرت فاطمہ(س) پیغمبر اکرمؐ کی اکلوتی بیٹی تھی جبکہ زینب، رقیہ اور ام کلثوم حضرت خدیجہ اور پیغمبر اکرمؐ کی ربیبہ تھیں۔

حضرت خدیجہ کی دوسری اولاد

بعض مآخذ میں کہا گیا ہے کہ حضرت خدیجہ نے پیغمبر اکرمؐ سے پہلے دو دفعہ شادی کی جن سے آپ کی اولاد بھی ہوئی۔ اسی سلسلے میں ہند بن ابی‌ ہالہ کو حضرت خدیجہ اور ان کے پہلے شوہر کی اولاد قرار دیتے ہیں۔ اس کے مقابلے میں بعض کہتے ہیں کہ حضرت خدیجہ پیغمبر اکرمؐ سے شادی کے وقت دوشیزہ تھیں اور اس سے پہلے آپ نے کوئی شادی نہیں کی تھیں

اسلام لانا
بعض مورخین جیسے بلاذری اور ابن‌ سعد (کاتب واقدی) (تیسری صدی ہجری)، ابن‌ عبدالبر (پانچویں صدی ہجری) اور ابن‌ خلدون (آٹھویں صدی ہجری) آپ کو پیغمبر اسلام پر ایمان لانے والے پہلے مسلمان قرار دیتے ہیں۔ بعض مورخین کے مطابق اس بات پر تمام مسلمانوں کا اجماع ہے کہ حضرت خدیجہ پیغمبر اسلام پر ایمان لانے والی پہلی شخصیت تھیں۔

اسی طرح اسلام میں السّابقون کے مصادیق کی تعیین میں بعض مآخذ حضرت خدیجہ (س) اور حضرت علیؑ کو پیغمبر اکرمؐ پر ایمان لانے والے پہلے اشخاص قرار دیتے ہیں۔ اسی طرح ان مآخذ میں سب سے پہلے نماز قائم کرنے والوں میں بھی حضرت علیؑ کے ساتھ حضرت خدیجہ کا نام لیتے ہیں۔

اسلام میں آپ کا کردار

حضرت خدیجہؑ کی مالی امداد کی بدولت رسول خداؐ تقریبا غنی اور بے نیاز ہو گئے۔ خداوند متعال آپؐ کو اپنی عطا کردہ نعمتوں کا ذکر کرتے ہوئے ارشاد فرماتا ہے: وَ وَجَدَكَ عَائِلاً فَأَغْنَى(ترجمہ: اور (خدا نے) آپ کو تہی دست پایا تو مالدار بنایا)رسول خداؐ خود بھی فرمایا کرتے تھے: ما نَفَعَنِي مالٌ قَطُّ ما نَفَعَني (أَو مِثلَ ما نَفَعَني) مالُ خَديجة (ترجمہ: کسی مال نے مجھے اتنا فائدہ نہیں پہنچایا جتنا فائدہ مجھے خدیجہؑ کی دولت نے پہنچایا۔)رسول خداؐ نے خدیجہؑ کی ثروت سے مقروضوں کے قرض ادا کئے؛ یتیموں، تہی دستوں اور بے نواؤں کے مسائل حل کئے۔

شعب ابی طالبؑ کے محاصرے کے دوران حضرت خدیجہؑ کی دولت بنی ہاشم [اور بنی المطلب] کی امداد میں صرف ہوئی۔ یہاں تک کی احادیث میں آیا ہے کہ: أنفق أبو طالب وخديجة جميع مالہما" (ترجمہ: ابو طالبؑ اور خدیجہؑ نے اپنا پورا مال (اسلام اور قلعہ بند افراد کی راہ میں) خرچ کیا۔)شعب ابی طالبؑ میں محاصرے کے دوران حضرت خدیجہؑ کا بھتیجا حکیم بن حزام گندم اور کھجوروں سے لدے ہوئے اونٹ لایا کرتا تھا اور بے شمار خطرات اور زحمت و مشقت سے بنی ہاشم کو پہونچا دیتا تھا۔

یہ بخشش اس قدر قابل قدر اور خالصانہ تھی کہ خداوند عالم نے اس کی قدر دانی کرتے ہوئے اس نیک کام کو اپنی طرف سے اپنے حبیب حضرت محمدؐ کو عطا کردہ نعمات میں شمار فرمایا۔ پیغمبر اکرمؐ بھی اس عظیم المرتبت خاتون کی بخشندگی اور ایثار کو ہمیشہ یاد فرماتے تھے۔

مقام و مرتبت
حضرت خدیجہ باعظمت، مالدار اور اپنے زمانے کے مؤثر خواتین میں سے تھیں۔جابر بن عبداللہ انصاری پیغمبر اکرمؐ سے منقول ایک حدیث میں حضرت خدیجہ(س)، حضرت فاطمہ(س)، مریم اور آسیہ کو عالمین کے عورتوں کی سرادار قرار دیتے ہیں۔اسی طرح پیغمبر اکرمؐ حضرت خدیجہ(س) کو دنیا کے با کمال اور بہترین خاتون قرار دیتے ہیں۔ اسلامی مآخذ میں حضرت خدیجہ کو طاہرہ، زکیہ، مرضیہ، صدیقہ، سیدہ نساء قریش ، خیرالنساء  اور باعظمت خاتون کے القاب اور ام المؤمنین کی کنیت سے یاد کرتے ہیں۔

متعدد روایات میں پیغمبر اکرمؐ کے نزدیک حضرت خدیجہ کے خاص مقام و منزلت کی طرف اشارہ ہوا ہے۔ مآخذ میں آیا ہے کہ حضرت خدیجہ(س) پیغمبر اکرم کے لئے بہترین اور صادق ترین وزیر اور مشاور کی حیثیت رکھتی تھیں نیز آپ حضورؐ کے لئے سکون دل کا باعث بھی تھیں۔ پیغمبر اکرمؐ آپ کی وصال کے سالوں بعد بھی آپ کو یاد فرماتے ہوئے آپ کو بے نظیر اور بے مثال خاتون قرار دیتے تھے۔ جب حضرت عایشہ نے پیغمبر اکرمؐ سے کہا کہ خدیجہ آپ کے لئے ایک بوڑھی زوجہ سے زیادہ کچھ نہیں تھی، تو پیغمبر اکرمؐ بہت ناراض ہو گئے اور اس بات کے جواب میں فرمایا: "خدا نے میرے لئے خدیجہ سے بہتر کوئی زوجہ عطا نہیں فرمایا، اس نے اس وقت میری تصدیق کی جب میری تصدیق کرنے والا کوئی نہیں تھا، اس نے اس وقت میری مدد کی جب میری مدد کو کوئی حاضر نہیں تھا اور اس وقت اپنی دولت کا مکمل اختیار مجھے دے دیا جب دوسرے مجھے اپنی دولت سے دور رکھے جا رہے تھے۔" 

بعض معتقد ہیں کہ حضرت خدیجہ کی مادی اور دنیاوی دولت سے زیادہ ان کی معنوی ثروت اہمیت کا حامل تھی۔ انہوں نے قریش کے بزرگان اور اشراف کی طرف سے دی گئی شادی کی پیشکش کو ٹھکرانے اور پیغمبر اکرمؐ کو اپنے شوہر کے طور پر انتخاب کرنے کے ذریعے مادی اور دنیوی مال دولت پر اخروی سعادت اور بہشت کے ابدی نغمات سے بہرہ مند ہونے کو ترجیح دے کر اپنی عقلمندی اور دور اندیشی کا ثبوت دیا۔ انہوں نے ان نعمتوں سے بہرہ مند ہونے کے لئے سب سے پہلے پیغمبر اکرمؐ کی تصدیق کی اور ان کی معیت میں نماز قائم کر کے اولین مسلمان ہونے کا اعزاز بھی اپنے نام کر لیا۔

وفات
اکثر تاریخی مآخذ میں حضرت خدیجہؑ کی تاریخ وفات کو بعثت کا دسواں سال (یعنی ہجرت مدینہ سے 3 سال پہلے) قرار دیا ہے۔ ان مآخذ میں وفات کے وقت آپ کی عمر 65 سال ذکر کی ہیں۔ ابن عبدالبر کا کہنا ہے کہ خدیجہؑ کی عمر بوقت وفات 64 سال چھ ماہ تھی۔بعض مصادر میں ہے کہ حضرت خدیجہؑ کا سال وفات ابو طالبؑ کا سال وفات ہی ہے۔ ابن سعد کا کہنا ہے کہ حضرت خدیجہؑ ابو طالبؑ کی رحلت کے 35 دن بعد رحلت کر گئی ہیں۔وہ اور بعض دوسرے مؤرخین نے کہا ہے کہ آپ کی وفات کی صحیح تاریخ رمضان سنہ 10 بعثت ہے۔پیغمبر اکرمؐ کے چچا ابوطالب بھی اسی سال رحلت کر گئے تھی لہذا پیغمبر اکرمؐ نے اس سال کو عام الحزن کا نام دیا۔

آرامگاہ
اسلامی احادیث کے مطابق رسول اللہؐ نے آپ کو اپنی ردا اور پھر جنتی ردا میں کفن دیا اور مکہ کے بالائی حصے میں واقع پہاڑی (کوہ حجون) کے دامن میں، مقبرہ معلی' (جنت المعلی) میں سپرد خاک کیا۔

آٹھویں صدی ہجری میں حضرت خدیجہ (س) کا مقبرہ ایک مرتفع گنبد کے ساتھ بنایا گیا۔ احتمالا یہ آرامگاہ سنہ 950 ہجری تک جس میں عثمانی پادشاہ سلطان سلیمان قانونی نے اس مقبرے کو مصری مقبروں کے طرز پر بلند گنبد کے ساتھ تجدید بنا کیا، تخریب نہیں ہوا تھا۔ نئی عمارت کی تعمیر تک حضرت خدیجہ (س) کا مزار فقط لکڑی کے ایک صندوق پر مشتمل تھا۔ اس آرامگاہ پر نصب سائن بورڈ کے مطابق سنہ 1298 میں اس کی مرمت ہوئی ہے۔تیرہویں صدی میں فراہانیاس مزار کے پر موجود مخمل کے کپڑوں میں ڈھانپی ہوئی لکڑی کی ضریح اور اس کی دیکھ بال پر مامور متولی اور زیارتنامہ پڑھنے والے کے متعلق خبر دیتے ہیں۔ اسی طرح آل سعود کی حکومت اور ان کے توسط سے بہت سارے مذہبی اور تاریخی مقامات کے تخریب ہونے سے پہلے مکہ جانے والے بہت سارے حجاج حضرت خدیجہ کے مقبرے کا ذکر کرتے تھے۔ موجودہ زمانے میں حضرت خدیجہ کے آرامگاہ پر ایک چھوتی عمارت بنی ہوئی ہے اور حج پر مکہ جانے والے حجاج اس کی زیارت سے مشرف ہوتے ہیں۔ بشکریہ ویکی شیعہ

News ID 1915626

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
  • captcha